وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، پاک چین شراکت داری پرتبادلہ خیال

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
شہبازشریف سے چینی سفیر کی ملاقات میں پاک چین تعلقات، سی پیک کے دوسرے مرحلے، اقتصادی تعاون، سیکیورٹی، انسدادِ دہشتگردی اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے حالیہ دورۂ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتوں پر عملدرآمد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
