ایرانی آئل ٹینکرز پر حملہ ، ایران کے اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر جوابی حملے

ایران نے امریکا کی جانب سے 5 ایرانی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کے جواب میں اردن میں الازرق کے امریکی فوجی اڈے اور پرنس فوجی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے،جس کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید شدت اختیار کرگئی ہے۔
روسی اور ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہےکہ ایرانی میزائل حملوں میں امریکی بحریہ کے 2 ڈسٹرائرز کو نشانہ بنایاگیا، جب کہ اردن میں امریکی ایف 35 اور ایف 15 طیاروں کے ہینگرز بھی حملوں کی زد میں آئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے امریکا کی جانب سے آئل ٹینکرز پر حملے کےبعد اردن کے الازرق میں واقع امریکی فوجی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہےکہ امریکا سے انتقام لیتے ہوئے دشمن کو غیرمعمولی نقصان پہنچایا گیا۔
روسی میڈیا کے مطابق اردن میں امریکی دفاعی نظام بھی ایرانی میزائلوں کو روکنے کے لیے فعال ہوگیا۔
دوسری جانب اردن کی فوج نے تصدیق کی ہےکہ ایران کی جانب سے مجموعی طور پر 20 میزائل داغےگئے جن میں سے 18 کو راستے میں روک لیاگیا جب کہ 2 میزائل آبادی سے باہر جاکر گرے۔
امریکا کا ایران کے 5 آئل ٹینکرز تباہ کرنے کا دعوی
یاد رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا تھاکہ امریکی فورسز نے ایران کے 5 خام تیل بردار بحری جہاز تباہ کیے ہیں۔ سینٹکام کے مطابق یہ کارروائی پاسداران انقلاب کی جانب سے دو روز کے دوران ایک امریکی جنگی بحری جہاز کو دو مرتبہ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کےبعد کی گئی۔
