حوثیوں کی جارحیت، سعودی عرب کا دفاع اور مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار

 

 

 

سعودی عرب نے حوثی ملیشیا کی جانب سے جارحیت کے خلاف اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ حوثیوں نے اپنے لیے ایسا دروازہ کھول لیا جسے وہ برداشت نہیں کرسکتے، سعودیہ کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔

روس کے دارالحکومت ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب حوثیوں کی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنے سے کسی صورت دریغ نہیں کرے گا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ حوثی ملیشیا جب بھی خود کو مشکل صورت حال میں پاتی ہے تو تشدد کا راستہ اختیار کرتی ہے،حوثیوں نے اپنے لیے ایک ایسا دروازہ کھول لیا ہے جسے وہ برداشت نہیں کرسکتے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھاکہ حوثی ملیشیا یمن میں اپنے اندرونی مسائل کو سعودی عرب کی جانب منتقل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا کہ یمن کی حکومت نے حوثیوں کے ساتھ ذمہ داری کے ساتھ بات چیت کا موقع فراہم کیا،تاہم یہ گروہ یمن اور اس کے عوام کے مفادات کے بجائے اپنے ذاتی اور محدود مفادات کو ترجیح دیتا ہے۔

روس نے سعودی عرب اور حوثیوں کے مابین ثالثی کی پیشکش کردی

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہاکہ سعودی عرب میں شہری اہداف پر حوثیوں کے حملے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ باب المندب میں سلامتی اور آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

 

Back to top button