پاکستان سمیت مختلف ممالک کے انٹیلی جنس چیفس کی میٹنگ

ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کی سربراہی میں مختلف ممالک کے انٹیلی جنس چیفس کی میٹنگ ہوئی جس میں سیکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا ۔
انٹیلی جنس چیفس کی بیٹھک میں پاکستان، چین ، ایران، روس اور تاجکستان نے علاقائی اور افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر غور کیا، تمام انٹیلی جنس چیفس نے خطے میں دیرپاامن اور استحکام کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کے حوالے سے بھی غور کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان،چین ، ایران، روس، تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور قازقستان کے انٹیلی جنس چیفس کی اسلام آباد میں بیٹھک ہوئی، بیٹھک ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی میزبانی میں ہوئی۔
انتہائی اہم نشست میں پاکستان،چین ، ایران، روس اور تاجکستان کے انٹیلی جنس چیفس کے درمیان افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت دیگر ممالک کے انٹیلی جنس چیفس نے خطے میں دیرپاامن اور استحکام کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے سے متعلق مشاورت کی۔
خیال رہے 9 ستمبر کو امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ولیم جوزف برنز نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔ملاقات میں آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ پاکستان خطے میں امن اور افغان شہریوں کے خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے تھے۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ ایک اعلی سطح کا وفد بھی کابل گیا تھا۔ جنرل فیض حمید کی کابل ایئرپورٹ پر تصویر بھی سامنے آئی جس میں انہوں نے ہاتھ میں چائے کا کپ پکڑا ہوا تھا۔ اس موقع پر کابل میں صحافی نے سوال پوچھا کہ آپ کو کیا لگتا ہے، افغانستان میں اب کیا ہو گا، اس پر جواب دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا کہنا تھا کہ فکرنہ کریں سب اچھا ہوگا۔کابل میں پاکستانی سفیر نے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم افغانستان میں امن واستحکام کیلئےکام کر رہے ہیں۔
