چودھری شجاعت کا عمران خان کو چاپلوسوں سے دور رہنے کا مشورہ

تحریک انصاف کی مرکزی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی طرف سے کپتان کو مشورے دینے کا سلسلہ جاری ہے. چودھری شجاعت حسین نے وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان چاپلوسوں اور چغل خوروں سے دور رہیں، اپنے ارد گرد منافقین کی نشاندہی کریں اور نزدیک نہ آنے دیں۔
سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران کو کہا ہے کہ عمران خان اپنے اندر خودپسندی نہ آنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ انھوں نے یہ مشورہ نواز شریف کو بھی مشورہ دیا تھا تاہم نواز شریف نے اس کے برعکس کام کیا. چودھری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی چاپلوسی کرنے والے آج بھی اقتدار میں شامل ہیں، سب ذاتی مفادات چھوڑ کر ملک کا سوچیں گے تو کامیاب رہیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ چاپلوس اور چغل خور قسم کے لوگ کسی کے صحیح اور نیک مشورے کو بھی مخالفت کے زمرے میں پیش کر دیتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے عمران خان کو نیک نیتی کی وجہ سے وزیر اعظم کے منصب تک پہنچایاہے اس لئے انھیں کشادہ دلی کے ساتھ عوام کی خدمت کیلئے سرگرم عمل ہونا چاہیے. ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی ہیرا پھیری نہیں سیکھے۔ لوگ صحیح اور نیک مشورے کو مخالفت کے زمرے میں پیش کر دیتے ہیں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو بھی مشورہ دیا تھا کہ طالبان کا لفظ مدرسے کے طالب علم سے جوڑ کراستعمال نہ کریں۔ سب سے کہوں گا کہ اپنے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر صرف اور صرف ملک و قوم کی خاطر سوچیں. ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے مجھے مشکل وقت سے نکالا اور مجھے صحت یاب کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ق لیگ کی جانب سے حکومت سے مطالبات پورے نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا اور حکومتی اتحاد میں دراڑیں نظر آرہی تھیں تاہم مذاکرات کے بعد یہ مسائل حل کر لیے گئے۔ اس موقع پر بھی چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو اتحادیوں پر اعتماد اور فسادیوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔
