کبھی بھی ساتھی اداکاروں کی خواہشات پوری نہیں کیں

بھارتی اداکارہ روینا ٹنڈن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلموں میں رول کےلیے کبھی بھی ساتھی اداکاروں کی خواہشات پوری نہیں کیں۔
نوے کی دہائی کی مقبول ترین بالی ووڈ ہیروئنز میں شمار ہونے والی روینا ٹنڈن بھارتی فلم انڈسٹری سے متعلق مختلف بیانات دیتی رہتی ہیں اور اب انہوں نے کہا ہے کہ میں نے 90 کی دہائی کے بالی ووڈ کے اصولوں پر چلنے سے انکار کیا تھا اس لیے لوگ سمجھتے ہیں کہ میں مغرور ہوں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو میں روینا ٹنڈن نے کہا کہ ان کے کیریئر کے عروج پر ان سے متعلق نازیبا آرٹیکلز لکھے گئے کیوں کہ انہوں نے ساتھی ادکاروں کی خواہشات کو پورا نہیں کیا تھا۔
روینا ٹنڈن نے کہا کہ میرے گاڈ فادرز نہیں، میں کیمپس کا حصہ نہیں تھی اور ہیروز مجھے پروموٹ نہیں کرتے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ میں رولز کےلیے ہیروز کے ساتھ تعلقات نہیں بناتی تھی۔ اداکارہ نے کہا کہ اکثر معاملات میں مجھے مغرور سمجھا جاتا کیونکہ میں وہ نہیں کرتی تھی جو ہیروز چاہتے تھے کہ اس وقت ہنسوں جب وہ چاہیں، بیٹھوں جب وہ مجھے بیٹھنے کےلیے کہیں۔
بولی وڈ اداکارہ نے شکوہ کیا کہ وہ خاتون صحافیوں سے مایوس ہوئیں جو ان کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئیں جو بنیادی طور پر مشہور مرد اداکاروں کی کٹھ پتلی تھیں۔ روینا ٹنڈن نے کہا کہ ان سے متعلق اکثر غیر مہذب آرٹیکلز لکھے جاتے تھے کیوں کہ کسی کی انا کو چوٹ پہنچی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس وقت سازشی ٹولے ہوتے تھے جن میں ہیروز ان کی گرل فرینڈز اور ان کے صحافی چمچے شامل ہوتے تھے۔
بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ مجھے حیران کرنے والی بات یہ تھی کہ اکثر خواتین صحافی دوسری خاتون کے ساتھ بھی ایسا کرتی تھیں، اب جب وہ کھڑی ہوتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ہم فیمنسٹ اور الٹرا فیمنسٹ کالمز لکھ رہی ہیں لیکن میں نے کبھی ان پر تنقید نہیں کی۔
خیال رہے کہ روینا ٹنڈن بالی ووڈ میں اپنے تجربات کے حوالے سے بات کرتی رہی ہیں جب فلم انڈسٹری اتنی پروفیشنل نہیں تھی جتنی آج ہے۔ اس سے قبل ایک انٹرویو میں انہوں نے سشانت راجپوت کی موت کے بعد فلم ساز کرن جوہر پر سوشل میڈیا پر ہونے والے تنقید سے متعلق بیان بھی دیا تھا۔
یاد رہے کہ روینا ٹنڈن نے گزشتہ برس تنوشری دتہ کی جانب سے نانا پاٹیکر اور فلم ہدایت کار پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کے بعد بالی ووڈ میں ‘اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے سے متعلق ایک ٹوئٹ کیا تھا اور اپنے بلاگ پر ایک لمبی چوڑی تحریر بھی پوسٹ کی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا تھا’۔
اس تحریر میں روینا ٹنڈن نے نہ صرف اس طرح کے ہراساں کیے جانے کی تفصیلات کو بیان کیا تھا بلکہ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ کس طرح فلم انڈسٹری میں طاقتور اور بااثر مرد نئی اداکاراؤں اور خواتین کو اپنے قابو میں رکھ کر ان کا فائدہ اٹھاتے رہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button