کرن جوہر کی ‘کافی ود کرن’ کیساتھ دوبارہ انٹری کی تیاری

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز کرن جوہر بہت جلد چھوٹی سکرین پر واپسی کرنے والے ہیں، وہ مقبول ٹی وی شو ’’کافی ود کرن‘‘ میں چار سال کے وقفے کے بعد دوبارہ نظر آئیں گے۔
’’کافی ون کرن‘ کو بھارت کے علاوہ پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی خوب پسند کیا جاتا ہے، کافی ود کرن‘ شو کا چھٹا اور آخری سیزن 2018 میں نشر کیا گیا تھا، جس کی آخری چند قسطیں 2019 میں بھی ریلیز ہوئی تھیں، تاہم اب چار سال بعد ’کافی ود کرن‘ کا ساتواں سیزن رواں برس جون میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
کرن جوہر نے اپنے شو کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور آئندہ ماہ اس کی شوٹنگ کا آغاز کر دیں گے، فلم ساز اس وقت اپنی متعدد فلموں کی پروڈکشن اور ہدایت کاری کے مراحل تیزی سے مکمل کر رہے ہیں، تاکہ آئندہ ماہ منصوبے کے تحت وہ ’کافی ود کرن‘ کی ابتدائی ریکارڈنگ کروا سکیں۔ مئی میں ’کافی ود کرن‘ کے ساتویں سیزن کی قسطیں شوٹ کیے جانے کے بعد اس کی پہلی قسط جون 2022 میں نشر کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس میں کچھ تبدیلی بھی ہو سکتی ہے، ’کافی ود کرن‘ کے ساتویں سیزن میں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے علاوہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کے بطور میاں اور بیوی پہلی بار میڈیا کے سامنے پیش ہونے کا بھی امکان ہے۔ ’کافی ود کرن 7‘ میں اکشے کمار، ورن دھون، کیارہ آڈوانی، انیل کپور، نیتو سنگھ، سدھارتھ ملہوترا، سدھانت چترویدی اور رشمیکا مندانا سمیت دیگر شخصیات کے بطور مہمان شرکت کرنے کے امکانات ہیں، شو میں ریپڈ فائر سمیت متعدد سیگمنٹ ہوتے ہیں، جن میں شخصیات اپنے کیریئر، ذاتی زندگی اور اپنے تنازعات سے متعلق کھل کر باتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
کافی ود کرن‘ کا شمار بھارت کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے شوبز ٹاک شوز میں ہوتا ہے، جس کا پہلا سیزن 2004 اور 2005 میں ریلیز کیا گیا تھا، کافی ود کرن‘ کا دوسرا سیزن 2007 میں ریلیز ہوا تھا، چوتھا 2009 اور پانچواں 2012 میں نشر کیا گیا تھا۔ کافی ود کرن‘ کا چھٹا سیزن 2018 اور 2019 میں ریلیز ہوا اور اس کا ساتواں سیزن جاری کیا جائے گا، جس کی آخری اقساط ممکنہ طور پر 2022 کے آغاز میں نشر کی جائیں گی، اسے سٹار نیٹ ورک پر دکھایا جائے گا۔
