چیئرمین PCB محسن نقوی اور سری لنکن وزیر کھیل کی ملاقات، باہمی تعاون مضبوط بنانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سری لنکا کے وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سنیل کمارا گیمیج سے ملاقات ہوئی ہے۔
اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی اور کھیلوں، خصوصاً کرکٹ کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے سری لنکن وزارتِ کھیل کے ساتھ اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات میں گرمجوشی بڑھ رہی ہے اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے ذریعے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موقع پر بہترین انتظامات کی تعریف کی اور سری لنکا میں ملنے والی محبت اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سری لنکن وزیر کھیل و امورِ نوجوانان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی گئی، جبکہ سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
