کورکمانڈر پشاورسے متعلق سینئرسیاسی قیادت کے بیانات نامناسب ہیں

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ کور کمانڈر پشاورکے حوالے سے اہم سینئرسیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے، پشاور کور دو دہایئیوں سے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں ہراوّل دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔

بیان کے مطابق پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں، ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں، افواج پاکستان کے بہادر سپاہی اور آفیسرز ہمہ وقت وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس لئے سینئر قومی سیاسی قیادت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ادارے کے خلاف ایسے متنازعہ بیانات سے اجتناب کریں۔

Back to top button