پاکستان کااسرائیلی بستیوں سے درآمد اشیا پر برطانوی پابندی کا خیرمقدم

پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیا پر پابندی عائد کرنے کے برطانوی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، غیر قانونی اسرائیلی آبادکاری دو ریاستی حل کے حصول اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سپین اور سویڈن سمیت دیگر ممالک کی جانب سے بھی اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کرنے کے اعلانات کا خیرمقدم کیا، یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی کارروائیوں کو مسترد کرنے کا واضح اور دوٹوک پیغام دیں گے کیوں کہ پاکستان فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرتا ہے ۔
