کیا پیٹرول 15 روپےلیٹر سستا ہونے والا ہے؟

حکومت کی ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں سے جہاں ڈالر کی قیمت میں 5 فیصد کمی آئی ہے، وہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی 10 سے 15 روپے اضافے کا گمان کیا جا رہا ہے، معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باعث پاکستان میں 15 روپے تک کی کمی تو ممکن نہیں تاہم 8 سے 10 روپے فی لیٹر تک کی کمی ہو سکتی ہے۔وی نیوز نے معاشی ماہرین سے استفسار کیا کہ کیا پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد اب کمی کی اُمید ہے، اور یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں کتنی کمی ہو سکتی ہے، وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ماہر معیشت ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ پاکستان میں روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ جاری ہے، انٹربینک میں ڈالر کا ریٹ 307 روپے سے کم ہو کر 293 روپے ہو گیا ہے۔ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ اس بات کو مد نظر رکھنا ہوگا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، خام تیل کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ میں 95 ڈالر فی بیرل ہو چکی ہے جو کہ کچھ دن قبل 86 ڈالر فی بیرل تھی۔

ماہر معیشت ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے سے مہنگائی میں بھی کسی حد تک کمی واقع گی، ملک بھر میں اشیاء خورونوش اور دیگر ساز و سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا ہے جس کا کرایہ پیٹرول اور ڈیزل کے بڑھنے سے بڑھا دیا جاتا ہے۔وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی مہتاب حیدر نے کہا کہ حکومت یکم اکتوبر کے بعد سے 15 روز کیلئے  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ آئی ایم ایف ڈیل، اوگرا کی سمری اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کرے گی، پاکستان میں ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے، تاہم دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، خام تیل کی قیمتوں میں رواں ماہ 10 فیصد سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔مہتاب حیدر نے کہا کہ مجھے ایسا نہیں لگ رہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 12 سے 15 روپے تک کی کمی ہوگی، میرے خیال میں اگر کمی ہوئی بھی تو صرف 8 سے 9 روپے فی لیٹر ہوگی لیکن ایک بات یقینی ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں اگلے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ضرور کی جائے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ 30 ستمبر کو اوگرا کی سمری کی روشنی میں کیا جائے گا۔

Back to top button