حمزہ ،زرداری ملاقات، ضمنی الیکشن مل کر لڑنے پراتفاق

مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی نے پنجاب میں ضمنی الیکشن مل کر لڑنے پراتفاق ہو گیا ہے۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات بلاول ہائوس میں ہوئی۔ ملاقات میں صوبائی وزراء عطا تارڑ، ملک محمد احمد علی، خواجہ سلمان رفیق، عمران گورایہ، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، شرجیل میمن، ڈاکٹر عاصم حسین، سید علی حیدر گیلانی، سید حسن مرتضیٰ موجود تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ورکنگ ریلیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران سابق صدر نے حمزہ شہباز کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ آصف علی زرداری نے وزیر اعلی حمزہ شہباز کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا اور پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کااعادہ کیا جبکہ صوبے میں ہونے والے ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے پر اتفاق کیا گیا۔
حمزہ شہبا ز کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے سفر میں ایک ہیں اورایک رہیں گے۔ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے، ساتھ لیکر چلیں گے۔ ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا اتحاد عوام کی خدمت کے لیے ہے۔ سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں اور اجتماعی فیصلوں قائل ہوں۔
