ن لیگ اور پیپلز پارٹی پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے سرگرم

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی آئندہ کچھ ہفتوں میں لاہور کے دورے نے ایک نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی حکومت پنجاب میں کوئی تبدیلی لانے پرغور کر رہی ہے۔

معروف انگریزی اخبار ڈان  کی  رپورٹ کےمطابق پنجاب اسمبلی پیپلز پارٹی کے میں پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’آصف زرداری کی طرف سے لاہور کا دورہ کرنے کی بات سن کر تحریک انصاف مایوس ہوگئی ہے کیونکہ آصف زرداری ’کنگ میکر‘ ہیں اور پنجاب حکومت ان کے ایک اشارے سے جا سکتی ہے،سابق صدر کی لاہور میں ممکنہ آمد کو ان کی سیاسی چال بازی اور ناممکن کو ممکن بنانے کے فن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جیسا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دوبارہ انتخابات میں انہوں نے یہ فن ثابت کیا تھا۔

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دوبارہ انتخابات کے دوران آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابات میں چچا زاد بھائی چوہدری پرویز الٰہی کو ووٹ نہ دینے پر راضی کیا تھا، جس کے بعد  بعدازاں، چوہدری شجاعت کی ہدایت پر مسلم لیگ (ق) کے 10 اراکین پنجاب اسمبلی نے چوہدری پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دیے۔

رپورٹ کے مطابق یہاں اس بات کا ذکر کرنا بھی لازم ہے کہ چوہدری شجاعت کا بیٹا چوہدری سالک حسین وزیراعظم شہباز شریف کی کابینا میں وفاقی وزیر ہیں، رواں برس اپریل میں بھی سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تحریک انصاف کے بہت سے اراکین کو اس بات راضی کرنے میں آصف زرداری کا اہم کردار سمجھا جاتا ہے، اس اتحاد نے بعد میں پی ٹی آئی کے منحرف اور پیپلز پارٹی کے سابق جیالا راجہ ریاض کو بظاہر آصف زرداری کی سفارش پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کے وقتی صدر رانا فاروق نے  بتایا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے جن اراکین اسمبلی کو وزارتیں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا وہ قیادت سے خوش نہیں تھے، اور آصف زرداری جانتے ہیں کہ ایسے ناراض اراکین آنے والے دنوں میں عمران خان کو الوداع کہہ سکتے ہیں اور ضمن میں وہ اپنے سیاسی مخالفین کو سرپرائز دے سکتے ہیں،آصف زرداری پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مزید مظبوط کرنے کے لیے حکمت عملی تشکیل دیں گے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما رانا فاروق کا کہنا تھا میں نے تجویز دی ہے کہ پیپلز پارٹی کو آئندہ عام انتخابات علیحدہ لڑنے چاہیئیں کیونکہ اس سے پارٹی کو فائدہ ہوگا اور اس سلسلے میں ممکنہ امیدواروں کی فہرست بھی پارٹی قیادت کو فراہم کردی گئی جن کو پارٹی مالی معاونت کرے تاکہ اپنے حلقوں میں آئندہ عام انتخابات سے قبل مہم شروع کریں۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی طرف سے صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت بتائے گا کہ پنجاب اسمبلی میں تمام اراکین اس بات پر اتفاق کریں گے یا نہیں۔

حال ہی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں رانا مشہود، عطااللہ تارڑ اور ملک احمد خان نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی حکومت گرانے کے لیے ’منصوبہ‘ تیار کرلیا گیا ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں اتحاد نے پنجاب حکومت کو ہٹانے کی کوششوں پر ایک اجلاس بھی کیا تھا، ہم پنجاب میں بیٹھ کر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) کے قانون سازوں سے رابطے کرنے جا رہے ہیں اور جلد ہی وفاقی اتحاد یہاں بھی اپنی حکومت بنانے میں کامیاب ہوگا۔

 

ن لیگ کی رہنما پنجاب کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کا اعلان لانگ مارچ کو ختم کرنے لیے چہرہ چھپانے کا ایک حربہ ہے اور تحریک انصاف پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں کر سکتی کیونکہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الٰہی وزیراعلیٰ ہیں، پنجاب میں تحریک انصاف کے متعدد اراکین اپنی قیادت سے ناراض ہیں اور وہ عمران خان کے حکم پر استعفیٰ نہیں دیں گے،عظمیٰ بخاری نے زور دیا کہ اسلام آباد کی مخلوط حکومت پنجاب کو ہدف بنانے کے لیے تیار ہے اور آنے والے دنوں میں صوبائی حکومت کو گرانے کے امکانات واضح نظر آئیں گے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی لاہور آمد پر پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’اتحادی حکومت نے پنجاب میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی حکومت گرانے کے لیے کوششیں کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

Back to top button