جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے، تہران میں2دھماکوں کی اطلاعات

جنگ بندی کے باوجود ایران کے دارالحکومت تہران میں دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

 ایرانی میڈیا کے مطابق یہ دھماکے اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں کا نتیجہ ہو سکتے ہیں، جن میں ممکنہ طور پر ایران کے ریڈار سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نےدعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کے باوجود ایران کے مختلف مقامات پر حملے کیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے کچھ دیر قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل دونوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر سخت ناراضی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے خاص طور پر اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "اسرائیل نے معاہدے پر آمادگی کے فوراً بعد بمباری شروع کر دی۔”

ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران پر دوبارہ بمباری کی گئی تو یہ جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی سمجھی جائے گی۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کے چند ہی گھنٹوں بعد اس کی خلاف ورزی پر دونوں فریقین کو ذمہ دار ٹھہرایا، تاہم ان کے لہجے میں اسرائیل کے لیے خاصی برہمی دیکھی گئی۔

نیٹو سربراہی اجلاس کے لیے روانگی سے قبل دی ہیگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا، "اسرائیل نے بمشکل معاہدے پر رضامندی ظاہر کی تھی کہ بمباری شروع کر دی۔”

Back to top button