50 سالہ ریحام خان کے 37 سالہ شوہر بلال کی تیسری شادی

عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کے تیسرے شوہر مرزا بلال بیگ کی بھی یہ تیسری شادی ہے اور ان کی پہلی دو شادیاں ناکام بھی ہو چکی ہیں۔ بلال ایک پولیٹیکل ایکٹویسٹ اور براڈ کاسٹر اور  امریکی نژاد پاکستانی ہیں۔ انکا تعلق شوبز انڈسٹری سے ہے اور وہ اسوقت امریکی شہر سیئٹل Seattle میں رہائش پذیر ہیں۔ بلال بیگ سوشل میڈیا پر اپنے تعارف میں خود کو ممیکری آرٹسٹ، طنز نگار، اداکار، ماڈل اور ٹک ٹاکر بتاتے ہیں۔ بلال بیگ نے مختلف پاکستانی چینلز کے پیروڈی شوز اور اشتہارات میں بھی کام کر رکھا ہے۔ دونوں کی ملاقات تب شروع ہوئی جب ریحام خان نے بطور عمران خان کی اہلیہ فلم پروڈکشن کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ریحام خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے اور ساتھ میں اپنے شوہر کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’بالآخر مجھے ایک ایسا شخص مل گیا ہے جس نے مجھے اپنی ذہانت سے متاثر کیا اور اپنی ایمانداری اور ہمت سے مجھے جیت لیا۔ اگرچہ بلال مجھ سے 13 برس چھوٹے ہیں لیکن وہ بہت سمجھدار ہیں۔ وہ ایک ایسا شخص ہے جس پر میں بھروسہ کر سکتی ہوں۔ بلال میرے تاریک ترین لمحوں میں میرے ساتھ ہو گا، اور میں اسکے ساتھ خود کو محفوظ محسوس کرتی ہوں۔ ریحام نے لکھا کہ آپ لوگوں نے جس طرح مجھے محبت دی مجھے یقین ہے کہ آپ اس شخص کو بھی وہی محبت دیں گے جسے میں نے اپنے جیون ساتھی کے طور پر چُنا ہے۔‘

خیال رہے کہ یہ ریحام خان کی تیسری شادی ہے۔ ان کی پہلی شادی 2005 میں طلاق کے بعد ختم ہو گئی تھی جس کے بعد انہوں نے 2017 میں عمران سے شادی کی تھی جو صرف 10 ماہ چلی۔ ریحام خان نے انسٹاگرام پر نکاح کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا: ’ہم نے سادہ انداز میں نکاح کیا اور بلال نے مسلم روایات کے مطابق سونا پہننے سے انکار کر دیا۔‘ ریحام خان اور مرزا بلال بیگ کے نکاح کی تقریب امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں ہوئی۔ ریحام خان نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں لکھا: ’میری مرزا بلال بیگ سے شادی ہوئی ہے جو مجھ سے 13 برس چھوٹے ہیں مگر میں ان پر اعتبار کر سکتی ہوں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نکاح میں ان کے بیٹے ان کے وکیل بنے۔ ساتھ ہی انہوں نے مرزا بلال کے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ریحام نے بتایا کہ ’ہم دونوں کو فلم میکنگ کا شوق تھا جس نے ہماری راہیں ایک کر دیں۔‘ اس سوال کے جواب میں کہ شادی کے بعد وہ پاکستان میں رہیں گی یا بیرون ملک، ریحام خان نے بتایا کہ ’میں پاکستان اور امریکہ دونوں ملکوں میں وقت گزارنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ میں جو بھی فیصلہ کروں گی بلال اسکی حمایت کریں گے۔‘ ریحام خان نے  اپنے نکاح کی تصویر ٹوئٹر پر بھی شیئر کی جس میں وہ اور مرزا بلال دونوں سیاہ لباس میں ملبوس دکھائی دیے۔

ریحام خان کی تیسری شادی پر سوشل میڈیا پر لوگ انہیں مبارک باد دے رہے ہیں۔ ایک صارف عرفان تاج نے لکھا کہ ’ریحام خان کے لیے خوشی ہے کہ انہوں نے اپنے بنیادی حق کا استعمال کیا اور بتایا کہ عمر صرف ایک نمبر ہی ہے اورکچھ نہیں۔‘ صبا نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ امید ہے اس بار ریحام خان کی تمام خواہشات پوری ہوں گی۔ یاد رہے کہ ریحام اور مرزا بلال بیگ دونوں کی ہی یہ تیسری شادی ہے۔

Back to top button