پنجاب میں بارش اور آندھی سے 8 افراد جاں بحق، 27 زخمی

پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارش اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق، گوجرانوالہ، پھمے سوراں اور نوشہرہ ورکاں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ نندی پور کے علاقے بالے والی گاؤں میں کرنٹ لگنے سے ایک اور شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔
شیخوپورہ کے خان پور گاؤں میں دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد جان سے گئے۔
لاہور میں بھی بارش کے دوران داروغہ والا کے علاقے میں ایک گھر کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ اسی شہر میں دیوار گرنے کے دو الگ الگ واقعات میں مزید دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 26 جون سے اب تک بارش اور آندھی سے متعلق 94 افراد زخمی اور 24 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ موسمی شدت کے دوران محفوظ مقامات پر قیام کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوراً ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔