وزیراعظم کا بھونگ میں مندر پر حملے کا نوٹس، مجرمان کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے ہندو مندر پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس معاملے کی تحقیقات کر کے مجرمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے پاکستان کا آئین اقلیتوں کو آزادی اور تحفظ فراہم کرتا ہے تاکہ وہ اپنی عبادت کو آزادانہ طور پر انجام دے سکیں۔
9 سالہ بچے کے مبینہ طور پر مدرسے میں پیشاب کرنے اور اسے مقامی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد بھونگ ٹاؤن میں سیکڑوں افراد نے ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی اور سکھر-ملتان موٹروے (ایم-5) بلاک کردی تھی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد اور ضلعی پولیس افسر کے دورے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں رینجرز تعینات کردی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دارلعلوم عربیہ تعلیم قرآن کے ایک معلم حافظ محمد ابراہیم کی شکایت پر بھونگ پولیس نے بچے کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295-اے کے تحت 24 جولائی کو مقدمہ درج کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ہندو عمائدین نے مدرسے کی انتظامیہ سے یہ کہتے ہوئے معافی مانگی تھی کہ ملزم کم عمر اور ذہنی طور پر بیمار ہے۔

تاہم مقامی عدالت نے چند روز قبل اسے ضمانت دی جس کے بعد کچھ افراد نے علاقے کے عوام میں اشتعال ہھیلایا اور تمام دکانیں بند کروادیں۔

وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتعل افراد ڈنڈوں اور سلاخوں سے مندر پر دھاوا بول کر اس کے شیشے، کھڑکیاں، لائٹیں اور پنکھے توڑ رہے ہیں۔

بعدازاں احتجاجی مظاہرین نے ایم-5 موٹروے 3 گھنٹے سے زائد وقت کے لیے بند کردی۔

ضلعی پولیس ترجمان احمد نواز چیمہ نے کہا کہ گڑ بڑ والے علاقے میں رینجرز تعینات کردی ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔

پولیس حکام کے مبینہ تاخیر سے ایکشن لینے کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ سینئر عہدیدار یومِ شہدائے پولیس کی تقریبات میں شرکت میں مصروف تھے۔

احمد نواز چیمہ نے تصدیق کی کہ ملزم بچہ ہے اور ابھی تک اس کی ذہنی حالت کے بارے میں کوئی معلومات نہیں۔

کچھ رپورٹس یہ بھی ہیں کہ مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان پیسوں کا کوئی جھگڑا تھا جو اس واقعے کی اصل وجہ بتایا جارہا ہے۔

دریائے سندھ اور سندھ اور پنجاب کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے بھونگ میں متعدد سونے کے تاجر رہائش پذیر ہیں جن کا تعلق سندھ کے اضلاع گھوٹکی اور ڈہرکی سے ہے۔

اقلیتوں کی نمائندگی کرنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی خواہش پر بتایا کہ جب سے یہ واقعہ ہوا ہے وہ مقامی ہندو برادری اور بھونگ کے بااثر رئیس خاندان سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچے کو سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے رحیم یار خان کی ضلعی جیل بھیجا گیا تھا، بعدازاں 4 روز قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اس کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ رئیس خاندان نے اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا تھا لیکن سومرو قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی شخص نے اقلیتی برادری کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جس کے نتیجے میں اشتعال پھیلا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھونگ مارکیٹ بند کروانے کے بعد ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے کچھ گھروں پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

ایم-5 کے ترجمان عامر سردار نے کہا کہ چونکہ موٹروے 3 گھنٹوں کے لیے بند رہی اس لیے ٹریفک کو اقبال آباد اور گدو انٹرچینج کے ذریعے نیشنل ہائی وے کی جانب موڑ دیا گیا۔

Back to top button