’’فوج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں، پراپیگنڈا بند کیا جائے‘‘

پاک فوج کی جانب سے سیکیورٹی اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈا کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے مطابق پاک فوج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، ہم نے صرف ووٹنگ کیلئے پرامن ماحول فراہم کیا مگر محدود سیاسی عناصر، سوشل میڈیا اور میڈیا کے کچھ سگمنٹس کی طرف سے مداخلت کے غیر مصدقہ الزامات کے ساتھ پاکستان کی مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت منگل کو 263 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے اختتام پر ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کی مسلح افواج نے دیے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات 2024 کے انعقاد کے لیے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا اور اس سے زیادہ افواجِ پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق فورم نے کہا کہ ’کچھ مخصوص مگر محدود سیاسی عناصر، سوشل میڈیا اور میڈیا کے کچھ سگمنٹس کی طرف سے مداخلت کے غیر مصدقہ الزامات کے ساتھ پاکستان کی مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔فورم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ گڈ گورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود جیسے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے، ایسے مفاد پرست عناصر کی پوری توجہ اپنی ناکامیوں کو پس پشت ڈال کر سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورت حال پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔بیان کے مطابق عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مینڈیٹ کے مطابق، تمام تر مشکلات کے باوجود محفوظ ماحول مُہیا کرنے پر فورم نے سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔اس موقعے پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

Back to top button