عدت نکاح کیس: سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ 27 جون کو سنایا جائے گا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزا معطلی اور مرکزی ایپلوں پر سماعت کی جس سلسلے میں خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف نے دلائل دیے۔ زاہد آصف نے سزا معطلی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے دیکھنا ہے کہ اپیل کنندگان کا کیس سزا معطلی کا ہے یا نہیں، اپیل کنندہ کے وکلا نے خاور مانیکا کےلیے جھوٹا شخص کے الفاظ استعمال کیے، عدالت نے دیکھنا ہے کہ مفتی سعید، خاور مانیکا، عمران خان اور بشری بی بی میں سے جھوٹا کون ہے؟ وکیل زاہد آصف  نے کہا کہ جو انٹرویو چلایا گیا ہے اس کے حقائق توڑ موڑ کر پیش کیے گئے، خاور مانیکا کے بیٹے نے اسی انٹرویو میں کہا عمران خان کا نکاح بشریٰ بی بی سے نہیں ہوا، یہ جھوٹا الزام ہے۔

بعد ازاں جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 27 جون کو دن 3 بجے سنایا جائے گا۔

Back to top button