شہنشاہ غزل مہدی حسن کا آج 97 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے

شہنشاہ غزل مہدی حسن کا آج 97 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔ غزل گائیکی کے شہنشاہ مہدی حسن نے 25 ہزار سے زائد فلمی و غیر فلمی گیت اورغزلیں گاکر برصغیر پاک و ہند میں لوگوں کےدلوں میں یوں جگہ بنائی کہ ان کا گایا ہرگیت امر ہو گیا۔

مہدی حسن 18جولائی 1927ءکو راجستھان کےضلع جے پور میں پیدا ہوئے، 1942ءمیں پہلی بار راجہ صاحب بڑودہ کےدربار میں گائیکی کامظاہرہ کیا،موسیقی کےساتھ ساتھ پہلوانی سےبھی شغف رکھتے تھے۔

فلم ’شکار ‘کےلیے پہلی بار پلے بیک سنگر کی حیثیت سےگانا ریکارڈ کرایا تاہم انہیں اپنی کمپوز کی ہوئی فیض احمد فیض کی غزل سے غیرمعمولی شہرت حاصل ہوئی۔

مہدی حسن نے طویل عرصے تک فنِ موسیقی کےاُفق پرحکمرانی کی،ہزاروں فلمی و غیر فلمی گیت اور غزلیں گائیں، شہنشاہ غزل نےجو بھی گایا وہ امر ہوگیا، شہنشاہ غزل کوتمغہ حسن کارکردگی،ہلال امتیاز سمیت تمام نمایاں قومی سطح کےایوارڈز سے نوازا گیا، 15نگار ایوارڈز اور 25گریجوایٹ ایوارڈ بھی ان کےحصے میں آئے، انہیں بھارت اور نیپال کی حکومت نے بھی ایوارڈ سے نوازا۔

مہدی حسن کو 1966ء میں اس وقت کےصدرِ مملکت ایوب خان نے شہنشاہِ غزل کا خطاب دیا۔

شہنشاہ غزل مہدی حسن13جون 2012کو 84برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے لیکن آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

Back to top button