افغانستان کی سرحد پار اشتعال انگیزی ناکام، پاک فوج نے چار ڈرون مار گرائے

پاک فوج نے افغانستان کی جانب سے کیا جانے والا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا، پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پر افغان طالبان حکومت کی جانب سے بھیجے گئے چار ابتدائی نوعیت کے ڈرونز بروقت کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے مار گرائے، جبکہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ملکی خودمختاری کے خلاف ہر قسم کی سرحد پار مہم جوئی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 30 جون 2026 کو افغان طالبان حکومت نے اپنی زیرِ انتظام سرزمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی مبینہ سرپرستی کے تسلسل میں بلوچستان کی سرحد کی جانب چار ابتدائی نوعیت کے ڈرون روانہ کیے۔ پاکستان کے مربوط فضائی دفاعی نظام نے ان تمام ڈرونز کی فوری نشاندہی کر لی، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید دفاعی اقدامات کے ذریعے چاروں ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث دشمن کے تمام عزائم ناکام بنا دیے گئے اور کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہونے دیا گیا، جبکہ اس واقعے نے پاکستان کے فضائی دفاعی نظام کی مکمل استعداد اور مستعدی کو بھی ثابت کیا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے اس نوعیت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کا مقصد اپنی حکومت کے زیرِ اثر مشکلات کا شکار افغان عوام کی توجہ داخلی مسائل سے ہٹانا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان کو یہ احساس کرنا چاہیے کہ ان کا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل افغان عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بن رہا ہے۔پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ افغان طالبان کو اپنے عوام کو اشتعال انگیز اقدامات اور بیانات کے ذریعے مطمئن کرنے کے بجائے دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی ترک کرنی چاہیے، اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا چاہیے اور پُرامن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔

آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ اگر افغان طالبان حکومت نے پاکستان کے خلاف سرحد پار اشتعال انگیزی، مہم جوئی یا دہشت گرد عناصر کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھا تو اسے مؤثر، فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے چپے چپے کے دفاع، قومی خودمختاری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر چوکس اور ہر وقت تیار ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے یا عوام کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی سرحد پار کارروائی یا اشتعال انگیزی کا جواب آپریشن "غضب للحق” کے تحت فوری، بھرپور اور فیصلہ کن انداز میں دیا جاتا رہے گا۔

Back to top button