امریکی ناظم الامور بھی پاکستانی کھانوں کی دیوانی نکلیں

پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور بھی پاکستانی کھانوں اور مہمان نوازی کی کھل کرتعریف کی۔
پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستان میں اپنے پسندیدہ تجربات شیئر کرتے ہوئے یہاں کی مہمان نوازی، کھانوں، کرکٹ کلچر اور شادیوں کی رنگا رنگ تقریبات کو سراہا ہے۔
امریکی سفارتخانے کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے ایک انٹرویو میں نیٹلی بیکر نے بتایا کہ وہ فارغ اوقات میں دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے اور پاکستان کے مختلف علاقوں کی سیر کر کے نئی جگہوں اور تجربات سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے کے بعد انہیں کرکٹ میں گہری دلچسپی پیدا ہوگئی ہے تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اب بھی اس کھیل کے قواعد اور باریکیوں کو سیکھ رہی ہیں۔
نیٹلی بیکر نے پاکستانی کھانوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ پالک پنیر ان کے پسندیدہ کھانوں میں شامل ہے، جبکہ دال بھی انہیں بہت پسند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں چائے اور پکوڑے بھی بہت مزیدار ہوتے ہیں۔
پاکستانی روایات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں شادیوں کی تقریبات انہیں بہت پسند ہیں اور انہوں نے مہندی سے لے کر بارات اور ولیمے تک اسے تقریبات کا ایک جادوئی سلسلہ قرار دیا۔
