ایشین گیمز: بنگلہ دیش کو شکست، پاکستان فائنل میں پہنچ گیا

ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

جاپان کے شہر نشین میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ کو فی اننگز 13 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔ توحید ہردوئی 42 رنز کے ساتھ بنگلادیش کی جانب سے نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3 جبکہ عرافات منہاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ایک مرحلے پر قومی ٹیم 8 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنا چکی تھی، تاہم بعد میں پاکستانی بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف حاصل کر لیا۔حسن نواز 27 جبکہ عبدالصمد 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف حاصل کرتے ہوئے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور یوں ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان اب ایشین گیمز میں طلائی تمغے کے لیے فائنل کھیلے گا۔ ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ کا فائنل 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

Back to top button