لیڈی ڈیانا لُک اپنانے پر عائزہ خان کوتنقید کاسامنا

معروف اداکارہ عائزہ خان کو حال ہی میں لیڈی ڈیانا کا انداز اپنانے پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
عائزہ خان، جن کے انسٹاگرام پر 14.6 ملین فالوورز ہیں، ڈرامہ سیریل ہمراذ میں اپنی پرفارمنس اور اسٹائل کی وجہ سے کافی مقبول ہیں، جبکہ وہ اس وقت برطانیہ سے اداکاری کا ڈپلومہ بھی کر رہی ہیں۔
یومِ آزادی کے موقع پر عائزہ نے 1991 میں شوکت خانم اسپتال کے لیے لاہور آمد پر لیڈی ڈیانا کے پہنے گئے مشہور سبز لباس اور سفید دوپٹے کے انداز کو دوبارہ تخلیق کیا۔ فرق صرف یہ تھا کہ عائزہ نے ہلکے سبز کے بجائے گہرے سبز رنگ کی شرٹ اور شلوار کا انتخاب کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس انداز پر سخت اعتراض اٹھایا۔ کچھ کا کہنا تھا کہ عائزہ لیڈی ڈیانا کی شخصیت اور وقار کو کاپی نہیں کر سکتیں، جبکہ کئی افراد نے یہ بھی کہا کہ آزادی کے دن برطانوی شہزادی کی بجائے فاطمہ جناح یا دیگر قومی رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرنا زیادہ مناسب ہوتا۔
کچھ صارفین نے یہ تنقید بھی کی کہ اداکار مغرب کی نقل سے باہر نہیں آتے، اور یہ انداز غلامی کی یاد تازہ کرتا ہے۔ ایک اور نے تبصرہ کیا کہ لیڈی ڈیانا قدرتی خوبصورتی کی مالک تھیں، جبکہ عائزہ خان صرف مصنوعی انداز دکھا رہی ہیں۔
