خیبرپختونخوا میں فلڈایمرجنسی نافذ،جاں بحق افرادکی تعداد308تک پہنچ گئی

خیبرپختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد 31اگست تک فلڈایمرجنسی نافذ،جاں بحق افرادکی تعداد308تک پہنچ گئی۔
خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور طوفانی ریلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ پی ڈی ایم اے نے جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 308 افراد جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 74 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 63 جزوی طور پر متاثر ہوئے جبکہ 11 مکمل طور پر گر گئے۔
یہ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے، جن میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے باجوڑ اور بٹگرام ہیں۔ صرف بونیر میں ہی 184 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں کے لیے ہنگامی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کو ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر بند راستے اور رابطہ سڑکیں کھولنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔
امدادی آپریشنز میں پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے شریک ہیں۔ اب تک 3567 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے جبکہ 3817 متاثر ہوئے ہیں۔ آپریشنز میں 545 اہلکار اور 90 گاڑیاں و کشتیاں حصہ لے رہی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بونیر کی تین تحصیلوں میں آپریشن جاری ہے جہاں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔ پاک فوج اور فرنٹیئر کور بھی سوات، باجوڑ اور بونیر میں ریلیف آپریشن کر رہے ہیں اور فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
فلڈ کنٹرول سیل کے مطابق صوبے کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ دریائے سندھ میں خیرآباد کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دریائے کابل اور دریائے سوات کے مختلف مقامات پر بھی پانی کے بہاؤ میں تیزی ہے۔
محکمہ ریلیف نے اعلان کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 31 اگست تک فلڈ ایمرجنسی نافذ رہے گی۔ متاثرہ اضلاع میں سوات، بونیر، تورغر، بٹگرام، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ اور دیر کے اضلاع شامل ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!