آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی ملتوی

نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی ملتوی ہو گیا ہے۔اجلاس میں اپوزیشن کے صرف 9 اراکین شریک ہوئے،کورم پورا کرنےکے لیےگھنٹیاں بجائی گئیں جس کے بعد اجلاس کل دوپہر 2:15 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا تھا جس میں 15 ویں وزیراعظم کا انتخاب متوقع تھا۔کل ہونے والے اجلاس میں امکان ہے کہ سپیکر اسمبلی قائد ایوان کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کریں گے، شیڈول جاری ہونے کے دو دن کے اندر نئے قائد ایوان کا انتخاب کرنا لازم ہوگا تاہم اسمبلی قواعد ایک اور دو کو معطل کر کے کل ہی کے دن قائد ایوان کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مقابلہ ہے اور دونوں جانب سے نمبرز پورے کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

آزادکشمیر میں پی ٹی آئی 3 دھڑوں میں بٹی ہوئی ہے، 53 کے ایوان میں سردار تنویر کی نااہلی کے بعد حکومتی اتحاد کو 32 اراکین کی حمایت حاصل ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کو 20 اراکین کی حمایت ہے اور سادہ اکثریت کے لیے27 اراکین کی حمایت درکار ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور پرویز خٹک ٹیم کے ہمراہ مظفرآباد پہنچ گئے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے چوہدری یاسین اور چوہدری لطیف اکبر کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت پر سزا سنا کر نااہل کر دیا تھا، آزادکشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔

عثمان بزدار کیخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں ایک اور انکوائری

Back to top button