حوثیوں کا مدینہ منورہ کے گرڈ سٹیشن پرڈرون حملےکاانکشاف

یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ منگل 29 ستمبر کی صبح 5 بج کر 11 منٹ پر مدینہ منورہ میں طیبہ گرڈ اسٹیشن کو دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان کے مطابق متعلقہ حکام کی تحقیقات، شواہد اور حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون کے ملبے کے تجزیے سے اس حملے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں حوثی ملیشیا کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ حملے کے نتیجے میں بجلی کا ایک ٹرانسفارمر عارضی طور پر غیر فعال ہوا تاہم مجموعی طور پر بجلی کی ترسیل اور نیٹ ورک متاثر نہیں ہوا۔

ترجمان کے مطابق مسجد نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنے والے شہری انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنانا حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا تسلسل اور دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو دانستہ طور پر مجروح کرنے کی اشتعال انگیز کارروائی ہے۔

اتحادی افواج نے واضح کیا ہے کہ حوثی ملیشیا کو باز رکھنے، حرمین شریفین کے تحفظ اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Back to top button