بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر کا چیئرمین جوائنٹ چیفس کو کتاب کا تحفہ، بھارت میں ہنگامہ

بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر اور نوبیل انعام یافتہ ماہرِ معیشت ڈاکٹر محمد یونس کی جانب سے پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو دی گئی کتاب کے سرِورق پر بنے نقشے نے بھارتی میڈیا اور عوام میں ہلچل مچا دی۔

گزشتہ ہفتے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلادیش کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دارالحکومت ڈھاکا میں چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر یونس نے جنرل مرزا کو اپنی تصنیف "The Art of Triumph” کا تحفہ پیش کیا۔ تاہم بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کتاب کے سرِورق پر بنے نقشے میں بھارتی ریاست آسام سمیت شمال مشرقی علاقوں کو بنگلادیش کا حصہ دکھایا گیا ہے۔

ڈاکٹر یونس کی جانب سے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہوتے ہی بھارتی میڈیا اور صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ بھارت میں سوشل میڈیا پر ڈاکٹر یونس کے خلاف مہم شروع ہوگئی، جبکہ مین اسٹریم میڈیا میں بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اگست 2024 میں بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد، نئی حکومت کے قیام سے بھارت کے لیے سفارتی چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، شیخ حسینہ کے دور میں بھارت کو بنگلادیش میں کھلی آزادی حاصل تھی، لیکن ڈاکٹر محمد یونس کے اقتدار سنبھالنے کے بعد نئی خارجہ پالیسی بھارت کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

رواں برس اپریل میں چین کے دورے کے دوران بھی ڈاکٹر یونس نے کہا تھا کہ “خطے کے سمندروں کا واحد نگہبان بنگلادیش ہے، کیونکہ بھارت کی سات مشرقی ریاستوں کے پاس سمندر تک براہِ راست رسائی نہیں”۔
ان کے اس بیان پر بھی بھارت کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔

Back to top button