بنوں: تھانے کے مرکزی گیٹ پر 2 دھماکے،2 افراد جاں بحق،متعدد زخمی

بنوں میں تھانہ میریان کے مرکزی گیٹ کے باہر دو دھماکوں میں بچے سمیت 2 افراد ہلاک اور کم از کم 20 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھرا زرنج رکشہ تھانے کے مین گیٹ سے ٹکرایا جبکہ ایک موٹر سائیکل میں بھی آئی ای ڈی نصب کی گئی تھی جو قریبی دکانوں کے سامنے کھڑی تھی۔ دھماکوں کے وقت تھانے کے اطراف دکانیں موجود تھیں، جس کے سبب شہری بھی متاثر ہوئے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کے مطابق پولیس اہلکار اس واقعے میں محفوظ رہے، تاہم بچے سمیت دو شہری جان کی بازی ہار گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
کیا ریاست کی دوغلی پالیسی بڑھتی دہشت گردی کی ذمہ دار ہے؟
دھماکے کی اطلاع کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
اسی دوران، فرنٹیئر کور کی منزئی پوسٹ مرتضیٰ میں کواڈ کاپٹر ڈرون حملے کے بعد زخمی ہونے والے جوانوں کو ریکور کرنے کے دوران فرنٹیئر کور کی کوڑ قلعہ ٹیم پر فائرنگ اور دھماکے میں دو جوان شہید اور پانچ زخمی ہو گئے۔
شہید ہونے والوں میں لانس نائیک باسط اور سپاہی عصمت اللہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں نائب صوبیدار زاہد، نائیک مدثر، سپاہی اصغر، حوالدار شاہ پور خان اور لانس نائیک جان شامل ہیں۔
