معروف گلوکار عاطف اسلم کی ڈراموں میں انٹری

پاکستان کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے تصدیق کی ہے کہ شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم ‘سنگِ ماہ’ نامی ڈرامے سے چھوٹی اسکرین پر اداکاری کے میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں نعمان اعجاز نے کہا کہ ‘ہم اس وقت اسلام آباد میں ہیں اور سنگِ ماہ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

نعمان اعجاز نے کہا کہ جیسے آپ نے ڈراما سیریل ‘سنگِ مر مر’کو بہت پسند کیا مجھے یقین ہے کہ آپ ‘سنگِ ماہ’ کو بھی پسند کریں گے۔انہوں نے ڈرامے کی کاسٹ میں شامل اداکاروں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ ہم عاطف اسلم، زاویار، ثانیہ سعید، سامیہ ممتاز، کبریٰ خان اور ہانیہ عامر کے ساتھ ڈرامے کی شوٹنگ کررہے ہیں۔نعمان اعجاز نے مزید کہا کہ ‘اپنا خیال رکھی، اللہ تمام پاکستانیوں کو سلامت رکھے اور سب کو خوش رکھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے خبریں زیر گردش تھیں کہ عاطف اسلم جلد ہی چھوٹی اسکرین پر بھی دکھائی دیں گے۔گزشتہ ماہ جولائی میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں عاطف اسلم اور احسن خان بھی شامل ہوں گے جب کہ فی میل کے مرکزی کردار کے لیے ہانیہ عامر کو بھی کاسٹ کیا جائے گا۔

’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل کی چہ مگوئیاں رواں برس جون میں اس وقت شروع ہوئی تھیں جب کہ ڈرامے کے ڈائریکٹرسیفی حسن نے عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی سیکوئل پر کام شروع کریں گے۔سیفی حسن نے بتایا تھا کہ ’سنگ مر مر‘ کو ٹرائلوجی کی صورت میں بنایا جائے گا، جس کے دوسرے حصے ’سنگ ماہ‘ پر جلد ہی کام شروع کیا جائے گا جب کہ ڈرامے کا تیسرا اور آخری حصہ ’سنگ سیاہ‘ کے نام سے بنایا جائے گا۔

سیفی حسن نے تصدیق کی تھی کہ سیکوئل میں بھی پہلے ڈرامے کی کاسٹ کو رکھا جائے گا، تاہم نئے ڈرامے کی کہانی پہلے سے مختلف ہوگی اور کچھ کردار بھی نئے شامل کیے جائیں گے۔تاہم حال ہی میں ٹی وی ڈیبیو کرنے کے حوالےسے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ’بی بی سی‘ کو بتایا تھا کہ ان کے مداح انہیں چھوٹی اسکرین پر بھی دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اچھی کہانی ملنے پر ضرور ڈراموں میں کام کریں گے۔

عاطف اسلم نے چھوٹی اسکرین پر جلوے دکھانے کی اپنی خبروں سے متعلق کہا تھا کہ انہوں نے بھی خود سے متعلق افواہیں سن رکھی ہیں مگر فوری طور پر ایسا سچ ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔گلوکار نے واضح کیا تھا کہ اگر انہیں اچھی کہانی اور کردار دیا گیا تو وہ ضرور چھوٹی اسکرین پر کام کریں گے، تاہم ساتھ ہی کہا کہ مداح انہیں جلد ٹی وی پر دیکھنے کی امید نہ رکھیں۔یاد رہے کہ ’سنگ مر مر‘ کو 2016 میں ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، جسے کہانی کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا تھا۔

Back to top button