چیمپئنز ٹرافی :جنوبی افریقہ کے ہاتھوں افغانستان کوعبرتناک شکست

چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107رنز کےبھاری مارجن سے شکست دیدی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ریان رکیلٹن کی شاندار سینچری جبکہ ٹیمبا باوما، راسی وین ڈیر ڈوسن اور مارکرم کی نصف سینچریوں کی بدولت 315 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 44ویں اوور میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
افغان بیٹرز کو شروع سے ہی ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، افغانستان کی ٹیم کو پہلا نقصان صرف 16 رنز پر اٹھانا پڑا جب رحمٰن اللہ گرباز 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پروٹیز نے شاندار باؤلنگ کا سلسہ جاری رکھا اور 23 اوور میں 89 رنز پر افغانستان کے 5 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی، عظمت اللہ عمرزئی 18، ابراہیم زدران 17، صدیق اللہ اتل 16 رنز، جبکہ کپتان حشمت اللہ شاہدی کوئی رن نہ بنا سکے۔
افغان ٹیم کی جانب سے واحد بیٹر رحمت شاہ نے جنوبی افریقی باؤلرز کے سامنے مزاحمت دکھائی اور 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔محمد نبی 8، گلبدین نائب 13، راشد خان 18 اور نور احمد 9 رنز بناسکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا 3 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب باؤلر رہے، نگیدی اور ویان مولڈر نے 2، 2 جبکہ مارکو جانسن اور کیشو مہاراج نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
