تاریخ تبدیل،پنجاب کابجٹ 13کےبجائے16جون کوپیش کیاجائے گا

تاریخ تبدیل ،پنجاب حکومت نے نئے مالی سال کا بجٹ 13 جون کے بجائے16جون کو کو پیش کرنےکافیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی اہداف سامنے آنےکے بعد پنجاب حکومت نے  آئندہ مالی سال کے بجٹ کوحتمی شکل دیناشروع کردی ہے اور بجٹ 16 جون کا پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان کاکہناہے کہ بجٹ 13کےبجائے16جون کوپیش کیاجائےگا۔کچھ تیاریاں ابھی باقی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانےکی تجویزہے جب کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں موجودہ ٹیکس کی شرح میں اضافہ کم رکھاجائےگا۔ ریونیو اتھارٹی نان ٹیکس پیئر شعبوں کو شامل کرنے کی تجویز دےگی اورہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

پنجاب حکومت کےذرائع کا بتانا ہے کہ بجٹ میں امن وامان، صحت، تعلیم اورسیاحت پرتوجہ دی جائےگی، تعلیم کےلیے پچھلے سال کے مقابلے میں 110 ارب روپے زیادہ مختص کرنے اور صحت کے بجٹ میں 90 ارب روپے زیادہ رکھےجانے کی تجویز ہے، آئندہ بجٹ میں 600 فیصد اضافے کا امکان ہے جب کہ پنجاب بھرمیں سینیٹیشن اور صاف پانی کی متعدد اسکیمیں لائی جارہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے دیہاتوں کو اعلیٰ معیار ماڈل ویلیج بنانےکا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ مالی سال میں پنجاب حکومت مجموعی طور پر 2400 دیہاتوں کو ماڈل ویلیج بنائےگی۔ آئندہ مالی سال کےبجٹ میں ماڈل ویلیج پروجیکٹ کے فنڈز مختص کیےجائیں گے، صوبے کے  800 دیہاتوں کو ماڈل ویلج بنانےکےلیے پنجاب حکومت فنڈز فراہم کرےگی جب کہ 1600 دیہاتوں کوماڈل ویلیج بنانےکےلیےگرانٹ ورلڈ بینک فراہم کرےگا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مرحلہ وار پنجاب کے 60 فیصد سے زائد دیہات کو ماڈل ویلیج بنایا جائےگا اور ماڈل ویلیجز میں گلیوں کی صفائی، واٹر سپلائی لائنز اور اسٹریٹ لائٹس فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب حکومت نے بجٹ میں کسانوں کوگندم، چاول کےبیج اور کھادکے لیےاضافی فنڈز مہیا کرنےکی تجویز بھی رکھی ہے۔

Back to top button