وزیراعظم کابلاول بھٹو کی زیرقیادت سفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ

وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کی زیر قیادت سفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا اور بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کرنے پر وفد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہبازشریف سے ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امریکا اور یورپ میں وفد کی اہم سفارتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی شاندار ترجمانی پر آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وفد نے قومی جذبے سے پاکستان کا مقدمہ لڑا اور سرخرو ہوکر واپس آئے۔”
شہبازشریف نے وفد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد نے امریکا، برطانیہ اور یورپ میں بھارت کے یکطرفہ مؤقف کا موثر جواب دیا، جبکہ پہلگام واقعے سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک تمام اہم نکات کو ٹھوس اور درست سیاق و سباق میں پیش کیا۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کی عسکری مہارت اور حکمت عملی سے بھارت کو بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت چکانا پڑی۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ (2025-26) میں تنخواہ دار طبقے سمیت تمام شعبوں کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے بجٹ سازی کے دوران اتحادی جماعتوں، بالخصوص پیپلز پارٹی کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ آپ سب کی رہنمائی اور تعاون سے ہم درپیش تمام چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹ سکیں گے۔”