ایرانی ایٹمی پروگرام میں کوئی تعطل نہیں آئے گا، محمد اسلامی

ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام میں کسی قسم کا تعطل نہیں آئے گا اور اس کی سرگرمیاں بدستور جاری رہیں گی۔

محمد اسلامی نے کہا ہے کہ جوہری سرگرمیوں کو ہر ممکن رکاوٹ سے محفوظ رکھنے کے لیے پیشگی حکمت عملی اور ضروری اقدامات پہلے ہی مکمل کر لیے گئے تھے۔انہوں نے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی توانائی تنظیم نے ان حملوں سے متاثرہ مقامات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور بحالی کا عمل جاری ہے۔

محمد اسلامی کے مطابق ایران نے جامع منصوبے پہلے ہی مرتب کر رکھے تھے تاکہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں افزودگی اور خدمات کی فراہمی متاثر نہ ہو اور جوہری سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

ایک ایرانی اخبار کے مطابق تنظیم کا کہنا ہے کہ یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کرنے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور ایران کا جوہری پروگرام بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں ایٹمی توانائی تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ  دشمن کی یہ خواہش کہ ایران کی جوہری صنعت کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے، کبھی پوری نہیں ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے پاس وہ تمام تکنیکی اور عملی صلاحیتیں موجود ہیں جن کی مدد سے جوہری سرگرمیاں جاری رکھی جا سکتی ہیں، چاہے کوئی بھی چیلنج درپیش ہو۔

Back to top button