وزیراعظم کا سعودی ولی عہد کو فون،مشرق وسطی کی صورتحال پرتبادلہ خیال

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رابطے کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران پر اسرائیلی حملوں اور اس کے بعد امریکی اڈوں پر ایرانی جوابی کارروائی کے تناظر میں خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان گفتگو نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور حج 2025 کے کامیاب انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستانی حجاج کرام کی بہترین مہمان نوازی پر سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جموں و کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر بھارت کے ساتھ بامعنی اور سنجیدہ مذاکرات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔