وزیراعظم کی امیرِ قطر سے ملاقات،مشرق وسطیٰ کی صورتحال پرتبادلہ خیال

وزیراعظم شہبازشریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے دوحہ میں انتہائی گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔مشرق وسطیٰ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

شہبازشریف نے پاکستانی عوام کی جانب سے امیرِ قطر کا شکریہ ادا کیا، قطر کی فضائی حدود میں داخلے پر پاکستانی طیارے کے استقبال کے لیے قطری لڑاکا طیارے بھیج کر غیرمعمولی مہمان نوازی اور خیرسگالی کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے اس اقدام کو قطر کی روایتی مہمان نوازی اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔

ملاقات کے دوران خلیجی خطے سمیت بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی،  ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کشیدگی میں کمی، مکالمے اور عالمی سطح پر قریبی رابطہ کاری کے ذریعے امن و استحکام کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے قطر اور دیگر علاقائی ممالک کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت  کی، قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے دیرینہ تعلقات کا جائزہ لیا، سیکیورٹی، دفاع اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں ہونے والی مثبت اور نتیجہ خیز گفتگو پاکستان کے قطر اور خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط اور تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

وزیرِ اعظم وفد کے ہمراہ دوحہ پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

قطر کی حدود میں داخل ہوتے ہی قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیرِ اعظم کے جہاز کو حفاظتی حصار میں ایئر پورٹ تک چھوڑا،  وزیرِ اعظم نے قطری قیادت اور پائیلٹس کا اس شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔

قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا۔

وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد کو قطری مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی، وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کی آمد پر دوحہ ائیرپورٹ اور دوحہ شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔

 

Back to top button