ترقی میں بھارت کوپیچھے نہ چھوڑاتومیرانام شہبازشریف نہیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے ترقی کی دوڑ میں بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔
شہبازشریف کا ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں نوازشریف کے دور میں ترقی ہوئی، آج آپ کی خدمت میں مریم نواز حاضر ہیں، جنوبی پنجاب کا کوٹا نواز شریف اور میں نے زیادہ رکھا، یہ آپ پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ آپ کا حق تھا، مریم نواز بھی یہاں اسپتالوں کا جال بچھا رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی جی خان میں کینسر اسپتال بنانے کا اعلان بھی کردیا۔
شہباز شریف نے راجن پور میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ساری عمر آپ کی خدمت کرتے رہیں گے تو احسان نہیں چکا سکیں گے۔جب اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد پر تھی، نوازشریف نے سیاست قربان کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کو بچایا، آج مہنگائی 2.4 فیصد پر آگئی ہے، بینکوں کی شرح سود 22 فیصد سے 12 فیصد پر آگئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا ایک سیاستدان کہتا تھا شہباز شریف پیسے مانگنے جاتا تھا، کیا آپ بانٹنے جاتے تھے؟ ملک کی معیشت مستحکم ہوگئی ہے، لیکن ہمیں خوشحالی لانی ہے، نوجوانوں کو روزگار دلانا ہے، بجلی کے بل مزید کم کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا دشمن گھس بیٹھیے گھات لگائے بیٹھے ہیں، دشمن کے کہنے پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی ہو رہی ہے، دہشتگردوں کو ختم کرنے کیلئے قربانی دی جا رہی ہے، جب تک دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک کی ترقی نہیں ہو سکتی، اسلام آباد میں دھاوے بولے جاتے ہیں تو ترقی نہیں ہو سکتی، امن قائم ہوئے بغیر یہ سب نہیں ہو گا۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا اب ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہوگا، باوقار روزگار ملے گا، صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کر ملک کی ترقی کیلئے محنت کررہے ہیں، پاکستان قرضوں کے ساتھ ترقی نہیں کرے گا، دعا کریں قرضے ختم ہو جائیں۔

Back to top button