بجلی صارفین کو 23ارب کا ریلیف ملنےکاامکان

ملک بھر کے بجلی صارفین کوماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 23ارب کا ریلیف ملنےکاامکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق  بجلی 1 روپے 69 پیسے فی یونٹ تک سستی ہونے کی تجویز پر نیپرا میں سماعت ہوئی۔نیپرا ہیڈکوارٹر میں رکن سندھ رفیق شیخ کی سربراہی میں عوامی سماعت ہوئی، جس میں سی پی پی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ منظوری کی صورت میں صارفین کو ستمبر کے بلوں میں 23 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جا سکے گا۔

سماعت کے دوران جولائی میں بارشوں کے باعث کرنٹ لگنے کے حادثات پر نیپرا نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ ایک ہی ماہ میں حادثات کے نتیجے میں 11 افراد جان سے گئے، صرف آئیسکو کے تحت 6 اموات ہوئیں، حفاظتی اقدامات کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی تقسیم کار کمپنیوں پر جرمانے تو کر سکتی ہے مگر یہ کمپنیاں عدالتوں سے حکم امتناع لے لیتی ہیں۔

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق بجلی کے نرخ میں یہ کمی صرف ایک ماہ کے لیے ہوگی اور اس کا اطلاق تمام صارفین پر ہوگا، البتہ لائف لائن، پروٹیکٹڈ صارفین، پری پیڈ کنکشن رکھنے والوں اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نیپرا نے کہا کہ وزارت توانائی نے خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک صارفین سے بھی دیگر ڈسکوز کے مطابق ایف سی اے وصول کیا جائے تاکہ یکساں ٹیرف پالیسی برقرار رہے۔

اتھارٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مؤقف سنے اور کہا کہ مزید ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

Back to top button