فیصل میر نے لاہور کے ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات جمع کروا دئیے

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر نے لاہور کے حلقہ پی پی 167 سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔ اس موقع پر حاجی عزیزالرحمن چن، افنان بٹ اور شاہد عباس اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ تھی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل میر نے کہا کہ وہ پی پی-167 سے پہلے بھی پیپلزپارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ چکے ہیں اور یہ قومی اسمبلی کے حلقے این-اے 133 کا ہی صوبائی حلقہ ہے۔ 2021 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کےاسی حلقے این اے-133 سے بتیس ہزار ووٹ حاصل کئے تھے جس میں سے تقریباً بیس ہزار ووٹ پی پی -167 سے حاصل کئےگئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل میر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے خالی ہونے والی 20 نشستوں پر ن لیگ کو سپورٹ کرنے کی پیپلزپارٹی کی کسی پالیسی کا انہیں علم نہیں۔ ہم اپنی قیادت سے درخواست کریں گے کہ اگر ن لیگ تمام بیس نشستوں پر پی ٹی آئی کے سابقہ ممبران پنجاب اسمبلی کو ٹکٹیں دے رہی ہے تو کم از کم ایک نشست پی پی -167 میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو ن لیگ اور پی ٹی آئی کے خلاف ایڈجسٹمنٹ کئے بغیر الیکشن لڑنے کا موقع دیا جائے تاکہ لاہور میں پیپلز پارٹی کے کارکن بھی ضمنی انتخاب میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے خلاف انتخابات میں حصہ لے سکیں اور اپنی کارکردگی دکھا سکیں ۔

Back to top button