اسلام قبول کرنے والے مشہور کورین گلوکار کی پاکستان آمد

دنیا میں جب بھی کوئی بڑی شخصیت اسلام سے اپنی محبت اور لگائو کا اظہار کرتی ہے تو پوری اُمت مسلمہ اس کی طرف متوجہ ہو جاتی ہے، معروف کورین پاپ گلوکار اور یوٹیوبر دائود کم بھی ایسے افراد میں شامل ہیں، جنہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد عمرہ ادا کرتے ہی پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی عوام کی انہیں اپنے درمیان پا کر خوشی کی انتہا نہ رہی۔ یاد رہے کہ اسلام قبول کرنے کے بعد گلوکاری ترک کر دینے والے داؤد کِمِ یوٹیوب پر پاکستان سے متعلق مواد اور ویلاگ شیئر کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس رمضان المبارک کے دوران جنوبی کوریا میں موجود پاکستانی افراد کے ساتھ افطاری کی ویڈیو بھی شیئر کی تھی، جسے کافی پسند کیا گیا۔
داؤد کِمِ نے 25 اپریل کو اپنی انسٹا گرام سٹوریز میں بتایا کہ وہ سعودی عرب کے شہر جدہ سے پاکستان کے شہر لاہور پہنچ گئے ہیں جو انہیں بہت زیادہ پسند آیا ہے۔ انہوں نے پاکستان سے اظہار محبت کیا اور مداحوں کی جانب سے پذیرائی پر شکریہ ادا کیا۔ کورین گلوکار نے لاہور شہر کی سڑکوں اور مارکیٹوں کی ویڈیوز بھی انسٹا گرام پر شیئر کیں اور پاکستان کے لذیذ کھانوں کا ذکر بھی کیا۔داؤد کِمِ کی پاکستان میں بنی ہوئی ویڈیوز اور تصاویر اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
یاد رہے کہ کورین گلوکار نے اسلام قبول کرنے کے فورا ً بعد اپریل کے آغاز میں عمرے کی سعادت حاصل کی تھی، وہ اپریل کے پہلے ہفتے میں سعودیہ پہنچے تھے، جہاں سے اب وہ اپنے مداحوں کو ملنے کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ داؤد کِمِ کا اصل نام ’جے کِمِ‘ تھا اور وہ 2019 تک بطور ایک معروف کورین پاپ گلوکارہ کے پہچانے جاتے تھے، داؤد کِمِ نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی ویڈیوز بھی یوٹیوب پر جاری کر رکھی ہیں۔ ان ویڈیوز میں داؤد کِمِ کو متعدد اسلامی ممالک کے دورے کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ مساجد میں بھی گئے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد داؤد کِمِ نے گلوکاری کو خیرباد کہہ کر بطور یوٹیوبر کام شروع کیا اور عام طور پر مسلمانوں اور دین اسلام بارے ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔
