پاک بھارت کشیدگی کے معیشت پر اثرات نہیں ہوں گے : وفاقی وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہےکہ پاک بھارت کشیدگی کے پاکستانی معیشت پر کچھ زیادہ اثرات نہیں ہوں گے۔ پیر کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ بہتری دیکھی گئی۔
برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کاکہنا تھاکہ امریکا کے ساتھ تجارتی مذاکرات جلد مکمل ہوجائیں گے اور پاکستان اعلیٰ معیار کا کپاس،سویا بین اور دیگر اثاثوں کی کلاسوں بشمول ہائیڈرو کاربنز کی درآمد پر غور کررہا ہے،واشنگٹن نے پاک۔بھارت سیزفائر میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ کشیدگی کے باعث کسی نئے معاشی جائزے کی رپورٹ کی ضرورت نہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ پر بات چیت 14 سے 23 مئی تک جاری رہے گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بھارت کو یکطرفہ طور پر معطل سندھ طاس معاہدہ واپس بحال کرنا ہوگا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھاکہ پاکستان بھارت سیزفائر کا خیرمقدم کرتے ہیں جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے ممکن ہوا،چیزیں معمول کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھ رہےہیں جو اچھی بات ہے۔
انہوں نے بتایاکہ پیر کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھی گئی، بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کا پاکستان پرکوئی بڑا مالی اثر نہیں پڑےگا، اثر کا انتظام موجودہ بجٹ میں کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاکہ نیا بجٹ آنے میں ابھی تین چار ہفتے باقی ہیں، کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا،دفاعی ضروریات کو یقینی بنانے کےسلسلے میں جو کرنا ہوگا، کیا جائےگا۔
مودی نے اپنی ساکھ بچانے کےلیے بوکھلاہٹ میں تقریر کی : خواجہ آصف
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں بھارت پاکستان کےلیے آئی ایم ایف کا قرض پروگرام روکنے میں ناکام ہوگیا،آئی ایم ایف نے توسیعی فنڈ سہولت کےتحت اگلی قسط کی منظوری دی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 7 ارب ڈالر کےقرض پروگرام کی دوسری قسط جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔