شہباز شریف کاامیرِ قطر سےٹیلیفونک رابطہ،دورہ پاکستان کی دعوت دیدی

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں امن اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔

ٹیلیفونک گفتگو نہایت خوشگوار اور گرمجوشی کے ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ برادرانہ تعلقات، علاقائی امن کی کوششوں اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بتایا کہ انہوں نے امیرِ قطر کا ان اقدامات میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا جو تاریخی ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کی صورت میں کامیاب ہوئے۔

شہباز شریف نے لکھا کہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے برگن اسٹاک میں ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے پہلے دور میں حاصل ہونے والی مثبت پیش رفت پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل مکالمے اور قریبی سفارتی روابط کا سلسلہ جاری رکھنا ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ میں قطر کے قائدانہ کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس سلسلے میں دوحہ کی مسلسل حمایت کا معترف ہے۔

Back to top button