اکشے کمار اور فریدہ جلال کی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی ریلیزکی تیاریاں مکمل

بالی ووڈ سٹار اکشے کمار نے اپنی آنے والی کامیڈی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی کامیڈی فلم اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک اداکار اپنی انا (ایگو) کو ایک طرف رکھ کر خود پر ہنسنے کے لیے تیار نہ ہوں۔
رواں ہفتے ریلیز ہونے والی اس فلم کی تشہیری مہم کے سلسلے میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں اکشے کمار اور ان کی ساتھی اداکارہ فریدہ جلال نے فلم کے مزاحیہ انداز پر کھل کر بات کی۔
اس فلم کو ’فیک فلم، رئیل جنگل، رئیل ڈینجر، رئیل ایڈیٹس‘ کے دلچسپ جملے کے ساتھ پروموٹ کیا جارہا ہے۔
اس وائرل جملے پر چٹکی لیتے ہوئے اکشے کمار نے مذاقاً کہا کہ ایک فلم ’تھری ایڈیٹس‘ تھی لیکن یہ ’32 ایڈیٹس‘ ہیں جو کہ ایک انتہائی تفریحی فلم ہے۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس مبینہ فیک فلم کو فلاپ ہونے کے لیے 2,000 کروڑ روپے دیے گئے تھے، اب اس کے اندر کیا ہوتا ہے یہ تو آپ کو فلم دیکھ کر ہی پتہ چلے گا۔
