ای سی سی کا اہم اجلاس،ترقیاتی منصوبوں کیلئےگرانٹس منظور

ای سی سی کا اہم اجلاس، سٹیل ملز ملازمین کی تنخواہیں بحال، ترقیاتی منصوبوں اور اداروں کے لیے اربوں روپے کی گرانٹس منظور کرلی۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس وزارتِ خزانہ میں منعقد ہوا، جس میں اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہیں بحال جبکہ مختلف شعبوں اور اداروں کے لیے اربوں روپے کی گرنٹس کی منظوری دی گئی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے پیش کردہ متعدد سمریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد ملک کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اداروں کی مالی معاونت کے لیے اربوں روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی گئی۔
ای سی سی نے وزارتِ دفاع کی جانب سے پیش کردہ 2 سمریوں کی منظوری دیتے ہوئے یومِ آزادی اور ‘معرکۂ حق 2025’ کی تقریبات کے اخراجات کے لیے 1 ارب 28 کروڑ 90 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی ہے۔
اس کے علاوہ، کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ‘معرکۂ حق یادگار منصوبہ’ کی تعمیر کے لیے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو 2 ارب روپے کی گرانٹ دینے کی بھی توثیق کی۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی سمریوں پر غور کرتے ہوئے کمیٹی نے ‘پاکستان آسان خدمت مرکز اسلام آباد’ کے دوسرے مرحلے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے 4.5 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی ہے۔
مزید یہ کہ 91 کروڑ 12 لاکھ روپے کی بچت کو ’سمارٹ اسلام آباد انیشی ایٹو‘ کے لیے مختص کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔
پاور ڈویژن کی سفارشات پر ای سی سی نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) میں حکومتی ایکویٹی کے طور پر سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کو 52 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس میں کے-الیکٹرک سے 97 ارب 64 کروڑ 90 لاکھ روپے کی رقم انٹر ڈسکو ٹیرف ڈیفرینشل میں منتقل کرنے اور ٹیسکو کے 44 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ روپے کے بقایاجات کے دعوؤں میں ایڈجسٹمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
