طیارہ حادثہ میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجئےروپانی بھی جان گنوابیٹھے

گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجئے روپانی بھی احمد آباد طیارے حادثے میں جان گنوابیٹھے۔
ابتدائی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ وجئے کے شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاع تھی تاہم اب دیگر مسافروں کے ہمراہ ان کی موت کی بھی تصدیق ہوچکی ہے۔
وجئے روپانی طیارہ میں 2-ڈی سیٹ پر بیٹھے تھے۔ وہ لندن میں اپنی صاحبزادی رادھیکا سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے۔ وجئے روپانی کی اہلیہ انجلی بین بھی گزشتہ 6 ماہ سے لندن میں ہیں اور روپانی انہیں واپس لینے بھی لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
راجکوٹ میں وجئے روپانی کے ایک پڑوسی کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی خبر نے سب ہی کو پریشان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بہت فکر مند ہیں اور ٹی وی اور فون پر اَپڈیٹ دیکھ رہے ہیں۔
حادثے کے شکار طیارے میں 2 پائلٹس اور 10 کیبن اہلکاروں کے علاوہ 230 مسافر سوار تھے۔ مسافروں میں 169 ہندوستانی بتائے جا رہے ہیں جبکہ 53 مسافر کا تعلق برطانیہ سے تھا۔