گلگت: پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 2 میجرز سمیت 5 جوان شہید

گلگت کے علاقے ہڈور گاؤں کے قریب پاک فوج کا ایک ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثہ صبح 10 بجے فنی خرابی کے باعث پیش آیا، جس میں 2 میجرز سمیت 5 اہلکار شہید ہو گئے۔
شہدا میں میجر عاطف، میجر فیصل، نائب صوبیدار مقبول (فلائٹ انجینئر)، حوالدار جہانگیر (کریو چیف) اور نائیک عامر (کریو چیف) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تربیتی مشنز آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہوتے ہیں، اور یہ حادثہ بھی ایک تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور بلند درجات کے لیے دعا کی۔
