8فروری کااحتجاج رکوانےکیلئےحکومت سرگرم،پی ٹی آئی سے بیک ڈوررابطے

حکومت 8فروری کا پی ٹی آئی کا احتجاج رکوانے کیلئے سرگرم ہو گئی،بیک ڈور رابطے شروع کردیئے۔مختلف آپشن بھی رکھ دیئے۔

ذرائع کے مطابق 8 فروری کا احتجاج رکوانے  کیلئےحکومت کے پی ٹی آئی کی اعلی قیادت سے بیک ڈور رابطوں کا انکشاف ہوا ہے، حکومت نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی بحالی کےضمن میں پیشگی کے طورپراہم پیشکش بھی کردی۔

حکومت نے مثبت پیش رفت کیلئےتحریک انصاف کی قیادت کی وزیراعظم سے ملاقات کروانے کی پیشکش کی ہے،سپیکر ایازصادق پی ٹی آئی کو مذاکرات کی بحالی پر ملاقات پر راضی کرنے کی کوششیں کررہے ہیں، انہوں نے  حکومتی پیشکش سامنے رکھ دی ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی کو 8 فروری کو ملک گیر احتجاج کی بجائے کسی ایک جگہ پر جلسہ جلوس کرنے کی اجازت دینے کی پیشکش کی گئی ہے، تاہم پی ٹی آئی حکومتی رابطوں اور پیشکش پر خاموش ہے اور اس نے ابھی تک کوئی جواب نہیں  دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت فروری کے مہینے میں سیاسی عدم استحکام،  دنگا فساد، توڑ پھوڑ اور پکڑ دھکڑ سے بچنا چاہتی ہے اورپی ٹی آئی کو ملک گیر احتجاج سے باز رکھنے کی پوری کوششش کررہی ہے، اس ضمن میں حکومت کا پی ٹی آئی سے رابطوں کیلیے اسلام آباد میں ایک سفارتخانے سے بھی رابطہ ہوا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت فروری میں4بین الاقوامی میگا ایونٹس کے موقع پر سیاسی استحکام برقرار رکھنا چاہتی ہے، فروری میں یورپین یونین  کی طرف سے پاکستان کیلئےجی ایس پی پلس اسٹیٹس کا جائزہ لینے کا امکان ہے، دوسری جانب 8 فروری  کولاہور میں دولت مشترکہ کی انٹرنیشنل پارلیمانی کانفرنس ہو رہی ہے۔

فروری کے دوسرے ہفتے میں ترکی کے صدر اردوان پاکستان کے طے شدہ دورے پر آ رہے ہیں، اور فروری کے تیسرے ہفتے میں چیمپئینز ٹرافی کےٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ہورہا ہے۔

Back to top button