راولپنڈی میں غیرت کے نام پر قتل : خاتون کی قبر کشائی، تشدد اور گلا دبانے کے شواہد مل گئے

راولپنڈی کے تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں جرگے کے حکم پر غیرت کے نام پر قتل کی گئی شادی شدہ خاتون کی قبر کشائی مکمل کرلی گئی ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے سر، گردن اور چہرے پر شدید تشدد کے واضح نشانات پائے گئے۔
ذرائع کے مطابق فارنزک ماہرین نے جائے وقوع پر ہی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا اور ضروری سیمپلز بھی حاصل کیے۔ میڈیکل ٹیم کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو گلا دبا کر قتل کیاگیا۔
یاد رہے کہ قبر کی نشاندہی مقتولہ کے سابق شوہر ضیاء الرحمان اور جرگے کے سربراہ عصمت اللہ خان نے کی۔
دوسری جانب عدالت نے مقتولہ کے والد، بھائی، چچا اور جرگے کے سربراہ سمیت 6 گرفتار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق مقتولہ نے 12 جولائی کو مظفر آباد میں عثمان نامی شخص سے نکاح کیا تھا اور عدالت میں پیش ہوکر اپنی مرضی سے نکاح کرنے کا بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا۔ مقتولہ نے بتایا تھا کہ سابق شوہر نے زبانی طلاق دے دی تھی۔
عثمان کے والد کے مطابق نکاح کے چار دن بعد کچھ مسلح افراد نے دھمکیاں دیں اور کہا کہ لڑکی کو واپس کرو، ہم اسے باضابطہ رخصت کریں گے۔ وہ لوگ لڑکی کو لے گئے، بعد ازاں معلوم ہوا کہ اسے قتل کر دیا گیا ہے۔
