سندھ طاس معاہدہ بحال نہ ہوا تو بھارت جنگ کیلئےتیاررہے،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ بھارت کے پاس دو ہی راستے ہیں: یا تو وہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کرے، یا پھر ممکنہ خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان کے ساتھ جنگ کیلئے تیاررہے۔

بلاول بھٹو زرداری کاقومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت نے ڈیمز یا نہریں نکالنے جیسے اقدامات کیے، تو پاکستان اس پر ردعمل دے گا، اور "6 کے 6 دریاؤں کا پانی پاکستان کو دلوانا ہوگا”۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر نشانہ بنایا اور کہا کہ "ہمارے خطے میں بھی نیتن یاہو کی ایک سستی کاپی موجود ہے”، لیکن پاکستان نے بھارت کو سفارت کاری، بیانیے اور میدان میں شکست دی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنے عوام بلکہ بھارت کے عوام کے مفاد کی بھی جنگ لڑ رہا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے عوام کی بھلائی امن میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی روکنے کی بھارتی دھمکیاں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔

کشمیر پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی سفارت طی کامیابی ہے کہ اب دنیا میں کشمیر کو بھارت کا "اندرونی معاملہ” نہیں سمجھا جاتا بلکہ یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے۔

وفاقی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے حکومت کی جانب سے تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کو سراہا، اور کہا کہ پیپلز پارٹی کی خواہش تھی کہ اس میں مزید اضافہ کیا جاتا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بجٹ میں کچھ پارٹی مقاصد حاصل نہ ہو سکے، جیسے کہ جنوبی پنجاب کے لیے پی ایس ڈی پی میں 30 فیصد حصہ، اور بلوچستان و خیبرپختونخوا کے لیے وفاقی فنڈنگ۔

بلاول بھٹو نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے آئندہ بجٹ میں ان نکات پر مشاورت کا وعدہ کیا ہے۔

Back to top button