قیمتوں پر قابو پانے کیلئے5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنےکی منظوری

شوگر ایڈوائزری بورڈ نےقیمتوں پر قابو پانے کے لیے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کی منظوری دیدی ۔

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ درآمدی چینی سے متعلق تمام رسمی کارروائیاں چند روز میں مکمل کرلی جائیں گی، جس کے بعد چینی جلد مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے درآمد کا فیصلہ ناگزیر ہو چکا ہے، کیونکہ ملک بھر میں چینی کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 20 جون کو حکومت نے ابتدائی طور پر 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزارت غذائی تحفظ کے مطابق، یہ اقدام چینی کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 کے دوران مجموعی طور پر 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔ اکتوبر میں آخری بار 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دی گئی تھی۔

حکومتی پالیسی کے مطابق، چینی کی ریٹیل قیمت اگر 145 روپے 15 پیسے فی کلو سے تجاوز کرے، تو برآمد پر پابندی عائد کی جائے گی۔ تاہم، دسمبر 2024 سے فروری 2025 کے درمیان چینی کی برآمد کا سلسلہ جاری رہا اور اسی دوران قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہوا۔

Back to top button